برطانوی پارلیمان نے بریگزٹ معاہدے کی توثیق کردی

515
لندن: برطانوی ایوان میں بریگزٹ معاہدے پر گفتگو ہو رہی ہے، چھوٹی تصویر میں وزیر اعظم بورس جانسن یورپی یونین سے علاحدگی کے سمجھوتے پر دستخط کررہے ہیں

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانوی پارلیمان کے دونوں ایوانوں نے یورپی یونین کے ساتھ کیے گئے بریگزٹ کے بعد کے تجارتی معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ ساتھ ہی ملکہ الزبتھ دوم نے بھی ریاستی سربراہ کی حیثیت سے اس اہم معاہدے کی توثیق کر دی ہے ، جس کے بعد یہ معاہدہ باقاعدہ قانون بن گیا ہے۔ اس سے برطانیہ اور یورپی یونین کے مابین مستقبل کے تجارتی امور طے کر لیے گئے ہیں۔ برطانیہ 11 ماہ کی عبوری مدت کے بعد گزشتہ شب یورپی یونین سے حتمی طور پر نکل گیا۔ واضح رہے کہ یورپی یونین کے رہنماؤں نے بدھ کی صبح ہی بریگزٹ تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے تھے ۔ دریں اثنا تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بریگزٹ کا ایک نتیجہ یہ بھی نکلا ہے کہ برطانیہ کا سمندر پار انتظامی علاقہ جبرالٹر اب یونین کے شینگن زون میں شامل ہو جائے گا۔ جرمن خبر رساں ادارے کے مطابق اس بارے میں اتفاق رائے برطانیہ کے یونین سے قطعی طور پر اخراج سے محض چند گھنٹے پہلے ہوا۔