کسکس ایک مزیدار ڈ ش

1009

کسکس کو ایک بنیادی خوراک کا درجہ حاصل ہے۔ یہ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک میں شوق سے کھائی جاتی ہے۔ اس کو یونیسکو کے ناقابلِ لمس ورثے میں شامل کرنے کی درخواست چار شمالی افریقی ممالک نے دی تھی۔ کسکس شمالی افریقہ میں آباد قدیمی بربر قوم کی ایک پسندیدہ خوراک ہے۔ یہ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقی ممالک میں ایسے ہی کھائی جاتی ہے جیسے پاکستان اور اس کے ہمسایہ ملکوں میں چاول اور گندم کی روٹی کھانا ہے۔ عمومی طور پر کسکس کے اجزاء میں گندم اور جو نمایاں ہیں اور ان کو موٹی سوجی کی طرح پیسا یا کُوٹ لیا جاتا ہے۔ کسکس بنانے کا ایک اور انداز مکئی اور باجرے کے دانوں کو موٹا موٹا پیسنا یا کُوٹنا اور پھر ان ایک دوسرے میں ملانے سے ہے۔ اس کو مختلف انداز میں پکایا جاتا ہے بعض اوقات اسے گوشت کے ساتھ چاول کی طرح تیار کیا جاتا ہے اور یہ تیونس میں خاصی مقبول ہے۔ مراکش میں کسکس کو حلوے کی طرح بنا کر اس میں میوہ جات شامل کر کے کھایا جاتا ہے۔ کچھ اور ڈِشز میں مچھلی یا سبزی بھی ڈالی جاتی ہے۔ یہ ایک متوازن اور طاقتور خوراک تصور کی جاتی ہے۔