جمعیت نے بہترین قیادت فراہم کی

216

یہ بات باعث مسرت ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی جہد مسلسل کے73سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے قیام کا مقصد اللہ اور اس رسول ؐکے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کرنا ہے ۔ اسی مقصد کے تحت اسلامی جمعیت طلبہ مختلف پروگرامات کا انعقاد کرتی ہے تاکہ طلبہ تک اسلام کی دعوت پہنچ سکے۔ جمعیت نے تعلیمی اداروں اور ان کے علاوہ بھی ہمیشہ مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کو فروغ دیا ہے ۔ گزشتہ 73سالوں میں ترویجِ اشاعت دین کا فریضہ سرانجام دیا ہے اورطلبہ کی اللہ اور اس کے رسول ؐ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق رہنمائی کرتے ہوئے زندگی گزارنے کا سلیقہ اور مقصد زندگی عطا کیا ہے ۔ہر شعبہ زندگی میں با صلاحیت افراد اور معاشرے میں بہترین قیادت فراہم کی ہے ۔ جمعیت سے وابستہ صالح نوجوان نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ عملی زندگی میں بھی کامیاب رہے ہیں ۔پورے پاکستان میں ہزاروں طلبہ اس تنظیم سے وابستہ ہیں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت کئی علمی ، تحقیقی و تربیتی پروجیکٹس کام کررہے ہیں ۔ جمعیت کا نوجوان نسل کو قرآن و سنت سے وابستہ کرنے اور ان کی بہترین دینی واخلاقی تربیت کرنے کے اس عظیم مشن میں بھرپور کردار رہا ہے ۔امید ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ دعوت ِ دین اور غلبۂ دین کی جدو جہد ایک جہد مسلسل کی طرح جاری رکھے گی ۔