بھارت کی آبی جارحیت، دریائے جہلم کا پانی روک لیا

310

چناری (صباح نیوز) بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر سے آزاد کشمیر آنے والا دریائے جہلم کا پانی روکنا شروع کردیا، بھارتی آبی جارحیت کے باعث مقبوضہ کشمیر سے لائن آف کنٹرول چکوٹھی اوڑی کے راستے آزاد کشمیر میں داخل ہونے والا دریائے جہلم ایک نالے کا منظر پیش کرنے لگا ہے، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کی جانب سے دریائے جہلم کا پانی روکنے اور سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریائے جہلم میں پانی کی سطح کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ماضی میں بھی بھارت دریائے جہلم کا پانی روکنے جیسا اقدام کرچکا ہے بھارتی آبی جارحیت کے باعث دریا جہلم کے کنارے آزاد کشمیر میں بسنے والے انسانوں کے ساتھ ساتھ آبی حیات کی زندگی کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔