دنیا میں جعلی خبروں کے ذریعے بھارت نے پاکستان کو بدنام کیا

411

ای یو ڈس انفولیب ادارے نے  بھارت کی جانب سے جعلی خبریں چلائے جانے پر سنسنی خیز انکشافات پر مبنی رپورٹ جاری کردی، جس میں بھارت نے پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے جعلی خبروں کا سہارا لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ای یو ڈس انفولیب ادارے نے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارت 15سال سے جعلی خبریں چلا کر  یورپی یونین اور اقوام متحدہ کو گمراہ کررہاہے،جعلی خبریں چلانے کے لیے 750میڈیا ہاؤسز کو استعمال کیا گیا۔

 رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان کو دنیا میں منفی دکھانے کے لیے جعلی خبریں پھیلانے کے لیے 10سے زائد جعلی این جی اوز  کواستعمال  کیا گیا،بھارت کے آپریشن کا مقصد پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنا تھا ، جس کے لیے سابق صدر یورپی پارلیمنٹ کو جعلی این جی او کا سربراہ بنا کر پیش کیا ۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ جعلی این جی اوز کے ذریعے ہیومن رائٹس کونسل میں پاکستان پر الزامات لگائے، جعلی خبریں پھیلانے کے لیے 550ویب سائٹس اورجینوا، بسلز اور دنیا کے دیگر شہروں میں پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے لیے جعلی میڈیا ہاؤسز  بھی بنائے گئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا کہ بھارت 2005سے ایسے گھناؤنے اقدامات کررہاہے،پاکستان کے خلاف ہیومن رائٹس کی جعلی تنظیموں کو فنڈنگ کی گئی۔