ویرو کا تربیتی پروگرام

157

لیڈی ہیلتھ ورکرز نے اپنے عزم کو دھراتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے کامیاب دھرنے کے بعد بھی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ حیدرآباد میں ورکرز ایجوکشن اینڈ ریسرچ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام تربیتی ورکشاپ میں سینئر صحافی شاہد غزالی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جدوجہد اور کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حقوق کے حصول کے لیے تحریر اور تحریک لازم وملزوم ہے۔ انھوں نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو اپنی جدوجہد کو میڈیا میں موثر طریقے سے پیش کرنے کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ ویرو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میر ذوالفقار علی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوویڈ 19 میں فرنٹ لائن پر کام کرنے والی ہیلتھ ورکرز اور دیگر متعلقہ کارکنان کی حفاظت اور ان کی فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے۔ آل سندھ لیڈی ہیلتھ ورکرز اینڈ ایمپلائز کی مرکزی صدر حلیمہ لغاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی میٹرنٹی چھٹیوں کا مسئلہ حل ہونا چاہیے اور جو لوگ ریٹائرڈ ہوچکے ہیں انہیں بیک بینیفٹ دیے جائیں۔ جنرل سیکرٹری شمع گلانی نے تربیتی ورکشاپ کو سراہتے ہوئے اپنے مطالبات پرزور دیا کہ کارکنان کو سروس اسٹریکچر دیا جائے اور کوویڈ 19 کے دوران فرنٹ لائن پر کام کرنے والے کارکنان کو مکمل حفاظتی کٹس بھی فراہم کی جائیں۔ کارکنان کی حفاظت بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔