روس نے جاپان کے قریب دفاعی نظام نصب کردیا

287

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس نے جاپان کی سرحد کے نزدیک واقع متنازع جزیرے میں اپنا نیا ایس 300 وی 4 میزائل دفاعی نظام نصب کردیا ہے۔ روس کے اس اقدام کے بعد اس کی جاپان کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ روس کی وزارتِ دفاع کے زیر اہتمام ٹی وی اسٹیشن فیزدہ نے تصدیق کی ہے کہ اٹروپ نامی جزیرے میں موبائل فضائی دفاعی نظام نصب کیا گیا ہے، جس کا مقصد بیلسٹک اور فضائی حملوں سے تحفظ مہیا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ روس کا اٹروپ سمیت 4 جزائر پر کنٹرول ہے، جب کہ جاپان بھی ان جزائر پر دعویٰ کرتا ہے اور وہ انہیں اپنے شمالی علاقے قرار دیتا ہے۔ فیزدہ ٹی وی کے مطابق سخالین ریجن میں واقع اٹروپ جزیرے میں پہلے ہی شارٹ رینج کا طیارہ شکن میزائل نظام موجود ہے، جس کے بعد اب بھاری توپ خانہ فضائی دفاعی نظام بھی علاقے میں پہنچ گیا ہے۔ سابق سوویت یونین نے دوسری عالمی جنگ کے خاتمے پر ان چاروں جزائر پر قبضہ کیا تھا۔ یہ جزائر جنوبی کریلس کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ سابق سوویت روس کے ان جزائر پر قبضے کے بعد اس کی کئی سال تک جاپان کے ساتھ کشیدگی جاری رہی تھی اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ایک باضابطہ امن معاہدہ طے پایا تھا۔