جماعۃ الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کو ایک اور مقدمے میں سزا

276

لاہور (نمائندہ جسارت) انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعۃ الدعوۃ کے 3 رہنماؤں کیخلاف ایک اور مقدمے میں سزائیں سنادیں۔ پروفیسر ظفر اقبال اور یحییٰ مجاہد کو ساڑھے 15، 15 سال جبکہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی کو 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 کے جج اعجاز احمد بٹر کی عدالت میں سی ٹی ڈی کی طرف سے فیصل آباد میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران گواہوں کے بیانات پر حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کے وکیل نصیرالدین نیر اور محمد عمران فضل گل ایڈووکیٹ کی طرف سے جرح کی گئی۔ عدالت نے زیرسماعت دیگر مقدمات کی سماعت آج 3 دسمبر تک کے لیے ملتوی کی ہے۔ بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 1 کے جج ارشد حسین بھٹہ کے روبرو بھی جماعۃالدعوۃ کے رہنماؤں کو پیش کیا گیا جہاں مقدمہ نمبر 88/19 اور 23/19 کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں زیر سماعت دونوں مقدمات میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جماعۃ الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کی طرف سے کل 41مقدمات درج ہیں جن میں سے 25 کے فیصلے ہو چکے ہیں جبکہ باقی اے ٹی سی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔