برازیل میں ڈکیتی کی انوکھی واردات

668

کرائیسیوما: برازیل میں ڈکیتی کی واردات میں ایک ڈرامائی موڑ اس وقت آیا جب بھاری اسلحے سے پولیس کا مقابلہ کرنے والے ڈاکو لوٹا ہوا مال ہی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو ہونے والی اس واردات میں چوروں  نے نصف شب کو برازیل کے جنوبی شہر کرائیسیوما کے ایک بینک میں نقب زنی کی واردات کی گئی، جس پر اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بینک پہنچی تاہم انہیں ڈاکوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ  پت ڈکیٹی کی وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ہولناک مناظر دیکھے جاسکتے ہیں، بینک کے تجوریاں خالی کرنےو الے ان نقب زنوں نے پولیس کے خلاف خود کار ہتھیار استعمال کیے اور ایک ٹرک کو دھماکے سے اُڑا دیا اور فرار کا راستہ حاصل کرنے کے لیے کئی راہ چلتے افراد کو یرغمال بنا کر پولیس کی گرفت سے نکلنے کے لیے جاں توڑ کوشش کی جبکہ  ملزمان کی جانب سے کیے گئے دھماکے کے نتیجے میں نقد رقم کو نقصان بھی پہنچا اور کرنسی نوٹوں کے پرزے سڑک پر بکھر گئے۔

پولیس سے اس شدید مقابلے کے دوران یہ چور اپنی جان تو بچانے میں کام یاب ہوگئے لیکن بینک سے نقد رقم کی گڈیاں سڑک پر چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ شہریوں نے سڑک پر موجود گڈیوں اور بکھرے نوٹوں سے خوب انصاف کیا اور جس کے ہاتھ جو اور جتنا لگا ، لے کر چلتا بنا۔

دوسری جانب پولیس چوروں کو تو گرفتار نہ کرسکی تاہم سڑک پر بکھرے نوٹوں اور نقدی کے پرزے جمع کرنے والے 4 شہریوں کو ضرور دھر لیا۔

برازیل حکام کے مطابق نقب زنی کی اس واردات میں 30  چور ملوث تھے اور وہ مقامی کرنسی میں 8 لاکھ 10 ہزار نقد چھوڑ کر فرار ہوئے جبکہ یہ رقم ڈالر میں 1 لاکھ 52 ہزار سے زائد بنتی ہے اور پاکستانی کرنسی میں یہ رقم  کم و بیش ڈھائی کروڑ روپے بنتی ہے۔