سہون کے بنیادی مسائل پر ایس یو پی کی آل پارٹیز کانفرنس

237

سہون (نمائندہ جسارت) سندھ یونائیٹڈ پارٹی سہون کی طرف سے سہون کے بنیادی مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد، سہون کے بنیادی مسائل، پانی کی کمی ختم کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے، سہون بیوٹیفکیشن کے تمام پراجیکٹ مکمل کرنے اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے صنعتی زون قائم کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی سٹی سہون کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ہوا، جس کی صدارت ضلعی صدر دریا خان لغاری نے کی جبکہ پی ٹی آئی کے سردار فاروق سولنگی، مسلم لیگ فنکشنل سید مزمل علی شاہ، سہون سوشل فورم کے مولا بخش نوحانی، لعل شہباز ٹرسٹ کے کامریڈ اکبر ملاح، جسقم کے نثار سولنگی، سہون جدوجہد کمیٹی کے ماما اصغر کوریجو، جماعت اسلامی کے غلام نبی بوزدار اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر سہون کے بنیادی مسائل پر طویل بحث کے بعد مشترکہ قرار داد کی منظوری لی گئی جس کے مطابق شہر میں پینے کے پانی کی کمی اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے تمام آر او پلانٹ ٹھیک کرانے، پانی کی ٹوٹی پھوٹی لائنوں کو ٹھیک کرنے، بیوٹیفکیشن تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنے، شہر میں صفائی اور سیوریج کے نظام کو بہتر کرنا اور بے روگاری کے خاتمے کے لیے صنعتی زون کا قیام اور لعل شہباز قلندر کے مزار کو بلا تاخیر کھولنے کے مطالبات شامل ہیں۔ اس موقع پر رہنمائوں نے سندھ حکومت اور مقامی انتظامیہ کو 15 دسمبر تک مسائل حل کرنے کا الٹی میٹم دیا ہے، جس کے بعد جدوجہد کا آغاز کیا جائے گا۔