پی ڈی ایم جلسے کی درخواست مسترد، قلعہ کہنہ اور راستے سیل

506

ملتان میں اپوزیشن کی تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے پہلے قلعہ کہنہ قاسم باغ کو پولیس نے درجنوں کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملتان پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 20 سے زائد مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں یوسی کے سابق چیئرمین بھی شامل ہیں۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 30 نومبر کو قاسم باغ میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کے جلسے کی درخواست مسترد کر دی ہے اور قلعہ کہنہ اور اطراف کو رات گئے پولیس کی جانب سے سیل کردیا گیا ہے۔

واضح رہے پنجاب حکومت پہلے ہی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے کیے جانے والے جلسوں کی اجازت نہ دینے کا اعلان کر چکی ہے۔

دوسری جانب ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے کے سلسلے میں 2 روز قبل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی سمیت دیگر کارکنوں کو بلا اجازت ریلی نکالنے پر گرفتار کر لیا گیا تھا لیکن  بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے جبکہ ملتان میں جلسے کی تیاریوں کے لیے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور دیگر رہنما سرگرم ہیں  جس کے لیے کارنر میٹنگز، ورکرز کنونشن اور رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور  اس سلسلے میں سرائیکی تنظیموں کے عہدیداروں سے بھی مسلسل رابطے کئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی انہیں یقین دہانی بھی کرائی جارہی ہےکہ اس بڑے جلسے میں وہ باقاعدہ طور پر جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کاکیس پیش کریں گے۔