شہبازشریف اورنواز شریف دوران گفتگو آبدیدہ ہوگئے

243

لاہور(صباح نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف اور جیل میں قید اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان والدہ کے انتقال کے بعد ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ
شہباز سے ملاقات کی ہے ۔انہوں نے شہباز شریف کو والدہ اور حمزہ شہباز کو دادی شمیم اختر کے انتقال کی خبر سے آگاہ کیا اور تدفین سے متعلق مشاورت بھی کی۔عطا تارڑ نے دوران ملاقات شہباز شریف کی میاں نواز شریف سے فون پر بات بھی کرائی، اس موقع پر حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔کوٹ لکھپت جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ نے نواز شریف اور شہباز شریف میں ٹیلیفونک رابطے کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ گفتگو اجازت کے بعد کرائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے فون پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف آبدیدہ ہوگئے۔ عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ بیگم شمیم اختر کی نمازجنازہ شریف میڈیکل سٹی میں اداکی جائے گی جبکہ تدفین جاتی امرا میں میاں شریف کی قبر کے قریب مختص جگہ پر کی جائے گی ۔