فرانس سے تعلقات ختم کرنے کی درخواست ، وکیل کا رویہ غیر اخلاقی قرار

358

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے گستاخانہ خاکے شائع کرنے پر فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست میں مدعی کے وکیل کا رویہ
ناشائستہ قرارد ے دیا، عدالت عالیہ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق 6 اور 9 نومبر کے کابینہ اجلاس میں عدالتی حکم کے باوجود معاملہ ایجنڈے پر نہیں لایا گیا، درخواست کابینہ ایجنڈے میں نہ لانے پر حکومت کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، درخواست گزار وکیل کے رویے سے لگ رہا ہے وہ اس بینچ کے سامنے سماعت سے مطمئن نہیں، جب درخواست گزار وکیل کو کہا گیا کہ آپ کی درخواست قبل از وقت ہے تو وہ کورٹ میں اونچی آواز میں بولے، درخواست گزار وکیل نے کہا اس معاملے کے گہرے اثرات ہیں آپ وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریں، درخواست گزار کے وکیل کا رویہ عدالت کے ساتھ ناشائستہ ہے اس لیے اس بینچ کا سماعت کرنا مناسب نہیں، نئے بینچ کی تشکیل کیلیے فائل چیف جسٹس کے سامنے پیش کی جائے۔