صنعتکاروں کو ہراساں کرنے پر نکاٹی کا سیسی کے خلاف احتجاج

248

کرا چی ( اسٹاف رپو رٹر)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری ( نکاٹی) کے صدر فیصل معز خان نے سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ( سیسی) کی جانب سے صنعتکاروں کو مسلسل ہراساں کیے جانے اور آڈٹ کے نوٹس ارسال کرکے بلیک میل کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ صنعتکار وں کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیں اور سیسی کو سختی سے ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ صنعتکاروں کو تنگ نہ کرے تاکہ کورونا سے پیدا سنگین معاشی بحرانوں سے نمٹنے ہوئے بلارکاوٹ پیداواری سرگرمیاں جاری رکھی جاسکیں۔ اگر سیسی نے مثبت رویہ نہ اپنایا نارتھ کراچی انڈسڑیل ایریا کے صنعتکارکنٹری بیوشن دینا بند کردیں گے ۔یہ بات انہوں نے نکاٹی میں ہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کہی ۔ اجلاس میں نکاٹی کے سینئر نائب صدرشبیر اسماعیل،نائب صدر نعیم حیدر، ممبران منیجنگ کمیٹی اور نکاٹی کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں نکاٹی کے ممبران کی بڑی تعداد نے سیسی کی جانب سے آڈٹ کے نام پر ہراساں کرنے کی شکایات کی اور گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے درخواست کی کہ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مدد طلب کی جائے اور انہیں اس تمام صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے صنعتکاروں کوہراساں کرنے والوں کو باز رکھنے کی استدعا کی جائے۔صدر نکاٹی نے اس موقع پر کہاکہ جو فیکٹریاں پہلے ہی سیسی میں رجسٹرڈ ہیں،سیسی اہلکار نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا کے صنعتکاروں کولینڈ یوٹیلائزیشن ریونیو کے نام سے مسلسل پریشان کر رہے ہیں جبکہ سیسی ایک لبیر لیوی ہے نہ کہ کوئی ٹیکس کہ جس کی وجہ سے صنعتوںکو سیل( seal) کیا جائے ۔