خفیہ انکوائری :نیب کو شرجیل میمن کی گرفتاری سے روک دیا گیا

114

کراچی(نمائندہ جسارت)سندھ ہائی کورٹ نے نیب کی خفیہ انکوائری میں درخواست ضمانت سے متعلق سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی دائر درخواست پر نیب کے تفتیشی آفیسر سے کیس کامکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔فاضل عدالت نے نیب کو کسی بھی خفیہ انکوائری میں شرجیل میمن کی گرفتاری سے روک دیا۔ جمعرات کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے
نیب کی خفیہ انکوائری کیس میں ضمانت سے متعلق سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی درخواست کی سماعت کی۔فاضل عدالت نے شرجیل میمن کی عبوری ضمانت میں 10 دسمبر تک توسیع کردی۔سماعت کے موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شرجیل میمن کے خلاف انکوائری جاری ہے اور انکوائری کس معاملے پر ہورہی ہے مجھے بھی نہیں معلوم ہے جبکہ جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل علی واحد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شرجیل میمن کے خلاف نیب خفیہ تحقیقات کررہا ہے اور نیب حکام کی جانب سے جاری تحقیقات کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں جائیں جبکہ خدشہ ہے کہ نیب کی جانب سے شرجیل میمن کو خفیہ انکوائری میں گرفتار کرلیا جائے گالہٰذا استدعا ہے کہ ضمانت منظور کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے نیب کے تفتیشی آفیسر سے کیس کامکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 10دسمبر تک ملتوی کردی ۔