جماعت اسلامی کراچی کی عظیم الشان ناموس رسالتﷺ ریلی فرانس سے تعلقات ختم کرنیکا مطالبہ

264
فرانس میں توہین آمیزخاکوں اور فرنسیسی صدر کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کی ناموس رسالت ریلی سے نائب امیر اسداللہ بھٹو خطاب کررہے ہیں‘ امیر شہر حافظ نعیم ودیگر بھی موجود ہیں

 

کراچی (نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کراچی کے تحت فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت، ان کو سرکاری عمارتوں پر لگانے اور فرانسیسی صدر کی شان ِ رسالت ؐ میں گستاخی اور مسلمانوں کے حوالے سے ہرزہ سرائی کے خلاف اتوار کو مزار قائد تا سی بریز پلازہ عظیم الشان ’’ناموسِ رسالت ؐ ریلی‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی اتحاد امت کا بھرپور مظہر ثابت ہو ئی،ریلی کے ہزاروں شرکاء جن میں مرد،بچے، بزرگ،نوجوان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شامل تھے نے فرانس میں خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کی شدید مذمت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ
ناموس ِ رسالت ؐ پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ریلی سے نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ، امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،ضلع جنوبی کے امیر و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ، جماعت اسلامی منارٹی ونگ کراچی کے صدر یونس سوہن ایڈووکیٹ نے خطاب کیا اورحکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ فرانس سے فوری طور پر سفارتی وتجارتی تعلقات منقطع کیے جائیں ، فرانسیسی سفیر کو ملک بدر اور سرکاری سطح پر فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے ۔اقوام متحدہ میں ناموس رسالت ؐ کے حوالے سے بات کی جائے اور توہین رسالت ؐ کو دہشت گردی قرار دیا جائے ،توہین رسالت ؐ کے خلاف اور تحفظ ناموس رسالت ؐ و حرمت رسول ؐ کے حوالے سے کراچی میں بہت جلد ملین مارچ کا اعلان کیا جائے گا ۔3نومبر کو کراچی میں نیو ایم اے جناح روڈ پر شام 3بجے عظیم الشان خواتین کا مظاہرہ بھی منعقد کیا جائے گا ۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ توہین رسالت ؐ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے لیکن افسوس کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ،مسلمانوں اور مسیحی برادری کا کوئی جھگڑا نہیں ہے ،فرانس کے صدر نے بلا اشتعال مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کی اور نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی کی ،گستاخانہ خاکے سرکاری عمارتوں اور پبلک مقامات پرآویزاں کیے گئے اور ساری دنیا کے مسلمانوں کے احساسات وجذبات کو مجروح کیا گیا ،مسلمان شان رسالتؐ میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں کریں گے ،جو حکمران اس گستاخانہ عمل پر خاموش ہیں وہ اسلام دشمن طاقتوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ،وزیر اعظم عمران خان کی ذمہ داری ہے کہ وہ زبانی بیانات کے بجائے عملی اقدامات کریں ،وہ دکاندار اور تاجر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کیاہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے ناموس رسالت ؐ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جو ایک بڑی تعداد میں شان رسالت پر گستاخی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، دشمنان دین مسلمانوں میں اشتعال پیدا کرنے کے لیے اور مسلمانوں کی نبی کریم ؐ سے عقیدت و محبت جانچنے کے لیے وقتا فوقتا گھناونی حرکت کرتے رہتے ہیںلیکن جب کبھی بھی یہ ایسی مذموم حرکت کی جاتی ہے تو پوری امت اٹھ کھڑی ہوتی ہے اور متحدہوکر اعلان کرتی ہے کہ نبی پاک ؐ کی ذات ِگرامی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی،مسلمان تمام انبیاء کا احترام کرتے ہیں ، فرانسیسی صدر نے شانِ رسالت ؐ میں ناپاک جسارت کرکے پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کو للکارا ہے۔انہوں نے کہاکہ سلام پیش کرتے ہیں طیب اردگان کو جس نے فرانسیسی صدر کو دوٹوک اور منہ توڑ جواب دیا ، جب فرانسیسی صدر کو پاگل قرار دینے کو برداشت نہیں کیا جاسکتا تو پونے دو ارب مسلمان اپنے نبی کی توہین کیسے برداشت کرسکتے ہیں؟،57 اسلامی ممالک جن کے حکمران اور فوجیں سب موجود ہیں لیکن حرمت رسول ؐ کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کیاجاتا،عالم اسلام کے عوام ان حکمرانوں طبقوں سے بھی اعلان لا تعلقی کرتے ہیں جو مسلمانوں کے احساسات و جذبات مجروح ہونے پر خاموش ہیں اور اپنے آقاؤں کو خوش رکھنے کے لیے فرانسی مصنوعات کا بائیکاٹ نہیں کرتے ۔ پوری دنیا کے مسلمانوں کو ایک ہوکر یہ دکھانا ہوگا کہ نبی کریم کی گستاخی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، انصاف کے نظام کوقائم کرنا اور انصاف دلانا بھی نبی کا اسوہ ہے، ٹویٹ اور قراردادوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ فرانسیسی صدر کی ناپاک حرکت پر پوری امت مسلمہ دل گرفتہ اور غم گین ہیں اور اپنے نبی ؐکے احترام اور حرمت کے تحفظ کے لیے سراپا احتجاج ہے ، آج کراچی میں ہزاروں عاشقان مصطفی ؐ نے عشق نبی ؐ اور خاتم الانبیاء سے عقیدت و محبت کا اظہارکیا ہے ،مسلمان کسی صورت میں بھی شا نِ رسالت ؐ میں گستاخی قبول نہیں کریں گے ۔سید عبد الرشید نے کہاکہ ایم اے جناح روڈ پرشمع رسالت کے پروانے جمع ہوئے ہیں، آج کا احتجاج ان لوگوں کے لیے پیغام ہے جنہوں نے انسانوں کو انسانوں سے لڑایا، آج کے احتجاج نے ثابت کیاکہ نبی آخرالزماں کالے گورے سب انسانوں کے نبی ہیں، عالمی ادارے، اقوام متحدہ سن لیں کہ مسلمان ایک امن پسند قوم ہیں، نبی ٔ کی شان رسالت ؐ پر گستاخی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔یونس سوہن ایڈوکیٹ نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری سمیت پوری اقلیتی برادری بھی مسلمانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں،فرانس میں شان رسالت ؐ کے خلاف گستاخی کرنے پر سب سے پہلے پاکستان میں مسیحی برادری نے مذمت کی اور فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور ہم نے اپنے گھروں سے فرانسیسی مصنوعات کو باہر نکال دیا ۔