حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر احتساب عدالت برہم

241

لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت، آئی جی جیل خانہ جات، سپرنٹنڈنٹ سی سی پی او لاہور ایس پی ہیڈ کوارٹر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے نامزد افراد کو 10 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت کی۔ جوڈیشل افسر نے بتایا کہ حمزہ شہباز نے بکتر بند گاڑی میں آنے سے انکار کردیا ہے، عدالت نے حمزہ شہباز کے ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور نوٹس لیتے ہوئے جیل حکام سے تحریری جواب طلب کرلیا۔ جیل افسران نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کو جیل اتھارٹی نے 8 بجے کر 25 منٹ پرجوڈیشل حکام کے حوالے کیا، ملزم نے بکتر بند گاڑی دیکھ کرعدالت آنے سے انکار کیا۔ جیل افسران کے جواب پر فاضل جج امجد نذیر نے ریمارکس دیے کہ یہ اب ملزمان کی مرضی ہوگی کہ وہ عدالت میں پیش ہوں یا نہ ہوں، جیل حکام کہاں ہیں؟ یہ ریاست کی ناکامی ہے کہ وہ ملزم کے سامنے بے بس ہے۔