پاکستان نے پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو شکست دیدی

596

راولپنڈی: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 26 رنز سے شکست دے دی ہے۔

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے ایک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 281 رنز بنائے، حارث سہیل 72، امام الحق 58 بنا کر نمایاں رہے۔

فہیم اشرف اور عماد وسیم کی جانب سے آخری اوورز میں برق رفتار اننگز کھیلی گئی اور دونوں کھلاڑیوں نے بالترتیب 23 اور 34 رنز جوڑے۔

پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا تھا جواب میں زمبابوے کی ٹیم 255 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، ون ڈے میچز میں یہ پاکستان کی مسلسل ساتویں فتح ہے۔

زمبابوے نے ہدف کے تعاقب میں شاندار کھیل پیش کیا تاہم آخری چند اوورز میں اچھا کھیل پیش نہ کرسکا، اور 255 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، زمبابوے کی جانب سے برینڈن ٹیلر 112 ، ویسلی مادھیویرے نے 55 اور کریک اروائن 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور وہاب ریاض نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

پاکستان کو تین میچز میں سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میچ یکم نومبر کو کھیلا جائے گا۔