امریکا کا ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ

240

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ نے روس سے میزائل دفاعی نظام ایس 400کی خریداری کے رد عمل میں ترکی پر پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔ وزارت خارجہ کے سینئر عہدے دار کا کہنا تھا کہ میزائل دفاعی نظام کا تجربہ کرنے کے بعد ترکی پر امریکی پابندیوں کا خطرہ حقیقت کا روپ دھارسکتا ہے۔ وزارت خارجہ میں ہتھیاروں کی فروخت کے ذمے دار کلارک کوپر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی پر پابندیوں کی تجویز پر عمل ہونا اب زیادہ دور نہیں ہے۔ امریکی انتظامیہ کا یہ موقف ترک صدر رجب طیب اردوان کے اعلان کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے 16 اکتوبر کو روسی فضائی دفاعی نظام کے تجربے کی تصدیق کی تھی۔ واشنگٹن کا موقف ہے کہ یہ اقدام نیٹو اتحاد میں ترکی کی رکنیت کے خلاف جاتا ہے۔ کلارک کوپر نے بتایا کہ واشنگٹن گزشتہ برس ہی انقرہ کو آگاہ کر چکا ہے کہ ترکی کی جانب سے 2017ء میں روس سے خریدے گئے ایس 400 نظام کو چلانا امریکا کے قبول نہیں ہوگا۔ ترکی کا امریکا اور نیٹو سے دور ہونا روس کے سوا کسی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ ایک قانون کے تحت امریکی حکومت ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کر سکتی ہے۔