تبدیلی سرکار کی سوچ  بھنگ  کے ویژن تک ہی محدود ہے،لیاقت بلوچ

371

ایبٹ آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ  تبدیلی سرکار مرغی ،انڈے ،کٹے اور بھنگ کا ہی ویژن رکھتی ہے ،ان کی سوچ اس سے آگے جاہی نہیں سکتی ۔

ایبٹ آباد میں ورکرز کنوشن سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ باطل قوتوں کو ناکام اور حق کو غالب کرنے کیلئے واحدت و یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔

لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان حکومت نے پوری قوم کو مایوس اور پریشان کیا ہے، بھان متی کے کنبہ اور نااہل ٹیم میں یہ صلاحیت نہیں کہ ملک کو بحرانوں سے نکال سکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی ،بے روز گاری ،لاقانونیت اور دہشت گردی کا عفریت حکومت کے خاتمہ کا باعث بن رہا ہے، افواج پاکستان اور ریاستی ادارے جان لیں کہ جدید دور ،میڈیا کی نت نئی ٹیکنالوجی کی موجود گی میں اب 72سال سے جاری ریاستی نظام پر اسٹیبلشمنٹ کا کنٹرول نہیں چل سکتا۔

  لیاقت بلو چ نے مزید  کہا کہ ملک کی سرحدیں خطرات میں ہیں،اقتصادی بحران ملک کو دیوالیہ کی طرف لے جارہا ہے،عوام مہنگائی ،بے روز گاری اورپیداواری لاگت کے بے تحاشا اضافے سے تنگ دست ہوچکے ہیں۔