حکومت بحرانوں کے خاتمے کیلیے قومی پالیسی بنائے،جاوید قصوری

178

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بحرانوں کے خاتمے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے قومی پالیسی بنائے مگر حکمرانوں کے بے حس رویے نے ملک و قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ حکمران ہم آہنگی کے فقدان اور ذاتی عناد پر یکساں پالیسی نہیں بنانا چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین وقانون اور جمہوریت کی بالادستی ترقی کی ضامن ہے۔ تمام ترقی یافتہ ممالک نے اسی راستے پر چلتے ہوئے دنیامیں اپنا لوہا منوایا۔ ملکی حالات کی بے یقینی نے عوام کو مایوس کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں نے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پیچیدہ حالات کو سلجھانے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ ملک کی موجودہ سنگین صورتحال کے باعث پوری قوم اور بیرون ملک آباد پاکستانی بے انتہا پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برسوں سے جاری کرپٹ نظام کو ختم کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ پورے ملک پرقابض ہے، 73 برس سے جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص حکومتی پالیسیوں کی بدولت غریب غریب تر اور امیر امیر ترہوتا چلا جارہا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے جس میں غریب اور کمزوروں کو بھی وہی حقوق حاصل ہوں جو وزیروں اور مشیروں کو حاصل ہوتے ہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ہماری منزل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے، مدینہ منورہ کی اسلامی ریاست جس کا نمونہ ہے۔ عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار، وڈیرے، سرمایہ دار چڑھتے سورج کے پجاری ہیں، جو بار بار پارٹیاں بدل کر نئے چہروں کے ساتھ اقتدار پر قبضہ کرلیتے ہیں۔ جب تک اقتدار کے ایوانوں پر ان کرپٹ افراد کا قبضہ ہے ملک کے حالات تبدیل نہیں ہوں گے۔