مغرب آزادی اظہار کی آڑ میں دنیا کا امن تباہ کرناچاہتا ہے

131

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی زون پی پی107کے امیر ڈاکٹر بشیرصدیقی کی صدارت میں ہونے والی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنمامیاں مقصوداحمد نے کہا ہے کہ مغرب آزادی اظہارکی آڑ میں دنیا کے امن وامان کو تباہ وبرباد کرنا چاہتاہے ، مختلف حیلوں بہانوں سے مسلمانوں کے دینی جذبات کوٹھیس پہنچائی جارہی ہے،نبی اکرم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،آپ کی شان میں گستاخی کرنے والوں کو نشان عبرت بنادیں گے۔ کانفرنس سے ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ،زونل نائب امیرسعیدآفتاب،سیکرٹری کاشف نعمان،میاں منیراحمد اورعمرفاروق گجر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمارے ایمان کاتقاضا ہے کہ دین اسلام کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کیا جائے،اسلام دشمن قوتیں کبھی بھی اپنے ناپاک ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی،آپ کی حرمت پرقربان ہونا ایک مسلمان کے لیے باعث سعادت ہے ۔ تمام مذاہب کے نزدیک انبیائے کرامؑ اور بزرگ ہستیاں قابلِ صد احترام ہیں اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم تمام انبیا کے سردار اور رحمۃاللعالمین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی شان اقدس میں گستاخی کا ارتکاب دنیا بھر کے امن، اتحاد و یگانگت کو پارہ پارہ کرنے اور پوری دنیا کو ایک نئی آگ میں جھونکنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ فرانس نے دنیا بھر میں بسنے والے دوارب مسلمانوں کی غیرت کو للکاراہے،عالم اسلام نے فرانس کو منہ توڑ جواب نہ دیا تو ہمارے زندہ رہنے کا مقصدفوت ہوجائے گا، قوم سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کرے تاکہ فرانس معاشی طورپرتباہ ہوکر معافی مانگنے پرمجبور ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کا وزیراعظم سے مطالبہ ہے وہ اقوامِ متحدہ، فرانسیسی حکومت اور انسانی حقوق کی علمبردار عالمی تنظیموں پر دباؤ ڈال کرفرانس کے صدر کومجبور کریں وہ نہ صرف اس قبیح حرکت پرخود عالم اسلام سے معافی مانگے بلکہ فوری طور پر گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کریں اور آئندہ اس طرح کی شیطانی حرکت نہ کرنے کا اعلان کریں۔