الخدمت فائونڈیشن کیلیے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ

145

لاہور (صباح نیوز) کورونا وائرس کے دوران شاندار اور غیر معمولی کام کرنے والی رفاہی تنظیم الخدمت فائونڈیشن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایواڈر سے نوازا گیا،صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے الخدمت فائونڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور کو اس ایوارڈ سے نوازا۔ایوارڈ کی تقریب گزشتہ روزگور نر ہائوس لاہور میں منعقدکی گئی، جس کے مہمان خصوصی صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی تھے۔اس موقع پر گور نر پنجاب چودھری محمدسرور ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ،صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان ،صوبائی وزرا،صدر پاکستان کی اہلیہ ثمینہ علوی ،گور نر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور اور کورونا سے شہید ہونیوالے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اہل خانہ بھی شر یک ہوئے۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کورونا وائرس کے دوران غیر معمولی کام کرنے والی رفاہی اور تجارتی تنظیموں میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ تقسیم کیے۔رفاہی تنظیموں میں الخدمت فائونڈیشن کا نام سرِ فہرست رہا۔گورنر پنجاب نے اپنی تقریر میں بھی رفاہی تنظیموں میں الخدمت فائونڈیشن پاکستان کا نام سب سے پہلے لیا۔الخدمت فائونڈیشن پاکستان کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا ،یہ ایوارڈ الخدمت فائونڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے ڈاکٹر عارف علوی سے وصول کیا۔ تقریب میں کورونا کے دوران فر نٹ پر لڑ نیوالے 38کورونا ہیروز کو ’’شان پاکستان ‘‘ایوارڈ سے نوازا گیا۔الخدمت فائونڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا کہ یہ سب کچھ صرف الخدمت کے رضا کاروں کی ان تھک محنت اور اللہ کے کرم کا نتیجہ تھا ، بظاہر یہ ایوارڈ میرے ہاتھ وصول کر رہے تھے مگر اصل میں یہ ایوارڈ ریاست پاکستان الخدمت کے ان ہزاروں بے خوف، جفاکش اور بے غرض رضاکاروں کوعطا کر رہی تھی، جو تھکے اور رکے بغیر صبح و شام تنگ، بند اور ننگ گلیوں میں بھوک سے مارے غیور ہم وطنوں میں راشن، ماسک اور ادویات تقسیم کر رہے تھے۔