جماعت اسلامی کا فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

788

کراچی: امیر جماعت اسلام کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ فرانس کامکروہ ترین چہرہدنیا کے سامنے آچکا ہے،فرانس اور یورپ نے  پوری دنیا کے سامنے حرمت رسول سے انکار کیا ہے، ہم حرمت رسولؐ کا تحفظ ہی نہیں، محمدؐ سے عشق و محبت کا اظہار کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

جماعت اسلامی کراچی کے زیر اہتمام  فرانس میں گستا خانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف کراچی  میں تین تلوار پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور فرانسیسی قونصلیٹ تک مارچ کیا گیا، مظاہرے میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی ، شرکاء نے محمد ؐسے محبت کے اظہار کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے، مظاہرین نے فرانسیسی صدر میکرون کے پتلے کو نظر آتش کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔

 

فرانسیسی قونصلیٹ  کی طرف مارچ سے قبل مظاہرین سےخطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ فرانس اور یورپ کا توہین آمیز خاکوں کو  دہشتگردی قراردیاجائے،دنیا میں 57 اسلامی ممالک ہیں ،ان تمام ممالک کی عوام محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہیں،لیکن ان حکمرانوں کے لیے شرم کامقام ہے کہ فرانس اور یورپ کے خلاف مذمت تک نہیں کرسکتے اور فرانسیسی سفیر کو واپس نہیں بھیج سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں رسول اللہ کے لائے ہوئے نظام کی طرف پیش قدمی کرنی ہوگی،وزیر اعظم کو اعلان کرنا چاہیئے کہ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں،انتہائی شرم کا مقام ہے کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں حرمت رسول پر آواز نہیں اٹھاسکتے۔

امیر ضلع جنوبی و ممبر صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید نےاحتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے مظاہرے میں عاشقان رسول احتجاج میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر یہ پیغام دیا  ہے کہ حرمت رسول پر جان بھی قربان ہے،احتجاجی مظاہرے میں کراچی سے تمام زبانوں سے تعلق رکھنے والے اور تمام فرقوں سے وابستہ شہریوں نے شرکت کی اور پیغام دیا کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار کیا۔

 سید عبد الرشید نے کہا کہ آج امت مسلمہ سورہی ہے سوائے ترکی اور کویت کے کسی نے جرات مندانہ بات نہیں کی،نام نہاد آزادی اظہار رائے کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان ایک ہیں، مسلمان امن پسند قوم ہے اور اسلام  امن و امان کا درس دیتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ آج علامتی احتجاج کیا جارہا ہے،علامتی احتجاج کے راستے کوبھی تین جگہوں سےبند کردیاگیاہےجس کےباعث شرکاءنہیں پہنچ پائے۔