سکھر میں بھی نان بائی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا اعلان کردیا

773

سکھر میں نان بائی ایسوسی ایشن کا سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنے سے انکار کرتے ہوئے ہڑتال کرکے شہر میں تندور بند کردیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نان بائی ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ جبری طور پر روٹی کے نرخ کم کرانا چاہتی ہے، حکومت گندم مافیا کو پابند کرنے کے بجائے چھوٹے تندور مالکان کا دیوالیہ نکالنے پر تلی ہوئی ہے۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری قیمت پر روٹی بیچی تو منافع کمانے کے بجائے نقصان ہوگا، چھوٹے تندور مالکان روٹی فروخت کرکے ہی گھر کا چولہا جلاتے ہیں، حکومت کو چاہیے کہ ہمیں پابند کرنے کے بجائے گندم مافیا کو لگام ڈالیں۔

مزید پڑھیے : کوئٹہ: روٹی کی قیمت بڑھانے کیلیے نانبائیوں کا ہڑتال کا اعلان

شہر بھر میں نان بائیوں نے ہڑتال کرکے دکانوں کے شٹر پر سیاہ بینرز آویزہ کردیے،جس پر اپنے حق میں مطالبات درج کیے گئے ہیں۔

جبکہ دوسری جانب اے ڈی سی سکھر کا کہنا ہے کہ 12روپے کی روٹی15روپے میں فروخت کرنے والے نان بائیوں کے خلاف کارروائی کی گئی،  سرکاری روٹی کی قیمت 12روپے مقرر کی گئی ہے، تمام نان بائی اسی قیمت پر روٹی فروخت کرنے پابند ہیں۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں بھی نان بائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھانے کے لیے ہڑتال کی ہوئی ہے، نان بائیوں کو کوئٹہ میں 100 کلو آٹے کا تھیلہ 7 ہزار روپے کا مل رہا ہے۔