اسلامی جمعیت طلبہ کا پاکستان میڈیکل کمیشن کے خلاف ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

161

لاہور(نمائندہ جسارت)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ حمزہ علی صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے قریبی رشتے دار کو نوازنے کے لیے میڈیکل کا شعبہ تباہ کیا جارہا ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ اس میڈیکل کمیشن کے کالے قوانین کو مسترد کرتی ہے اور ہم پاکستان میڈیکل کمیشن کے قانون کے خلاف پورے ملک میں تحریک چلائیںگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی جمعیت طلبہ اچھرہ لاہورمیں آل پاکستان ڈاکٹرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم اسلامی جمعیت طلبہ کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں اور پاکستان میڈیکل کمیشن کے قوانین کو مسترد کرتے ہوئے انہیں فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔حکومت کو ضد کرنے کے بجائے میڈیکل پروفیشن سے وابستہ افراد کے مطالبات کو تسلیم کرلینا چاہیے اور گورنر ہائوس کے اندر من پسند افراد جمع کرنے کے بجائے مسائل کو سمجھنا اور حل کرنا چاہیے ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میڈیکل کمیشن کے قوانین کے حوالے سے طلبہ میں اضطراب پایا جاتا ہے ۔ریاستی طاقت سے کسی قسم کا فیصلہ مسلط کرنا عاقبت نا اندیشانہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنو کریٹس میڈیکل پروفیشن کو چلانے کی صلاحیت ہر گز نہیں رکھتے یہ صرف میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ماہر ڈاکٹرز اور پروفیسرز ہی چلاسکتے ہیں۔