ترک عوام فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کر یں‘ اردوان کی اپیل

343

انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر طیب اردوان نے ترکی کے عوام سے فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کردی ہے۔ترک خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت انقرہ میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے سخت لہجے میں فرانسیسی ہم منصب ایمانویل ماکرون پر تنقید کی ہے۔ٹی وی پر نشر ہونے والے اس خطاب میں اردوان نے کہا کہ ترکی اسلاموفوبیا کو قومی سلامتی کا مسئلہ سمجھتا ہے، یورپی یونین کی اولین ذمے داری ہے کہ اسلام کے خلاف منافرت کو روکے، اس معاملے کو اب مزید نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ترک صدر نے کہا کہمسلمانوں کے لیے مغربی ممالک میں اسلامی طرز حیات کے مطابق زندگی گزارنا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے، اگر فرانس میں مسلمانوں کو ظلم کا سامنا ہوتا ہے تو عالمی رہنما مسلمانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں۔ اردوان نے مزیدکہا کہ یورپی رہنماؤں کو یورپ میں نفرت کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فرانسیسی صدر کی پالیسیوں کو روکنا چاہیے اور انہیں سمجھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔