“گستاخانہ خاکوں پر فرانسیسی صدر کے بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا”

547

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فرانسیسی صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے.

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ  سے اسلام مخالف بیانیہ کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ نفرت کے بیج بوئے جارہے ہیں ان کے نتائج شدید ہوں گے.

وزیرخارجہ نے کہا کہ مہذب ملکوں کو مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرنا چاہیے، اسلام مخالف بیان پر فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیاگیا  ہے، اسلام مخالف بیانیے پرہم اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے.

انہوں نے کہا کہ ہولوکاسٹ کیخلاف مہم پر معاشروں نے پابندی لگائی اور اب وقت آگیا ہے کہ اس معاملے پر اجتماعی فیصلہ ہونا چاہیے، نائیجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں قرارداد بھی پیش کروں گا.

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں سے پوری دنیا کے مسلمانوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور فرانسیسی صدر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے.