پلاننگ کمیشن: جولائی تا 23اکتوبر کے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات جاری

446

اسلام آباد: وفاقی وزارت برائے منصوبہ بندی نے 289 ارب روپے ترقیاتی کاموں کی جولائی تا اکتوبر کے بجٹ کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

 خبر رساں اداروں کے مطابق وفاقی وزارتوں، ڈویژن اور محکموں نے جولائی تا 23اکتوبر تک کل 289 ارب روپے ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے ہیں جبکہ  وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز  کیلئے188 ارب 34 کروڑ روپے جاری ہوئے۔

 وزارت منصوبہ بندی کے مطابق این ایچ اے نے ترقیاتی کاموں کے لیے 53 ارب روپے خرچ کیے جبکہ این ٹی ڈی سی اور پیپکو کو 23 ارب 3 کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈ جاری کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  وزارت آبی وسائل کو 43 ارب روپے کا ترقیاتی فنڈ ملا جبکہ ریلوے ڈویژن کیلئے 11 ارب 75 کروڑ روپے کا ترقیاتی فنڈز کا اجراء کیا گیا اور وزارت خزانہ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 32 ارب روپے جاری کیے گئے۔

اس کے ساتھ ساتھ قومی تحفظ خوراک کے لئے 6 ارب روپے جاری کیے گئےاور تعلیم کے شعبے سے وابستہ ہائر ایجوکیشن کے لیے 14 ارب روپے جاری ہوئے اور قومی صحت ریگولیشن کے لیے 6ارب 88 کروڑ روپے جاری ہوئے۔

وزارت منصوبہ بندی  کی جاری رپورٹس کے مطابق کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لیے 28 ارب روپے کا اجرا کیا گیا جبکہ آزاد جموں و کشمیرکے لیے 13 ارب روپے جاری ہوئے اور گلگت بلتستان کے ترقیاتی کاموں کے لیے 11 ارب روپے جاری ہوئے اور ایرا کے لیے 75 کروڑ روپے کا اجرا کیا گیا۔