فرانس ،اسلاموفوبیا میں تیزی مسلمان خواتین پر چاقو حملہ

1083
پیرس: فرانسیسی صدرعمانویل ماکروں مقتول گستاخ کی آخری رسومات میں شریک ہیں

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس میں حکومتی آشیرباد سے اسلاموفوبیا کی تازہ لہر میں تیزی آگئی ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسلام اور مسلمانوں سے نفرت کا ایک تازہ واقعہ دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور کے قریب پیش آیا، جس میں 2 مسلمان خواتین پر سفید فام عورتوں نے چاقوؤں سے حملہ کردیا۔ فرانسیسی پولیس نے نسل پرستانہ حملے کے الزام میں دونوں مشتبہ عورتوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ نام پوشیدہ رکھتے ہوئے سٹی اٹارنی نے دونوں حملہ آوروں کو یورپی سفید فام عورتیں قرار دیا ہے اور اقدام قتل کا قصوروار ٹھہرایا ہے۔ حملہ آوروں نے 6 بار مسلمان عورتوں پر چاقوؤں کے وار کیے۔ متاثرین میں سے ایک کے جگر میں زخم آئے ہیں اور دوسری کے ہاتھ کا آپریشن کیا گیا ہے۔ عینی شاہدوں کے مطابق حملہ آور عورتیں چیخ رہی تھیں، اور ’’گندے عرب‘‘ اور ’’اپنے ملک واپس جاؤ‘‘ کی آوازیں کس رہی تھیں۔ دوسری جانب فرانس میں مسلمان نوجوان کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے گستاخِ رسول اسکول ٹیچر کو اعلیٰ ترین ملکی اعزاز سے نواز دیا گیا، جب کہ اس کی آخری رسومات میں صدر عمانویل ماکروں نے بھی شرکت کی۔ ماکروں نے گستاخ سموئیل پیٹی کو لیجن آف آنر نامی اعزاز دیا۔ فرانس میں شہری سطح پر یا فوج کے دائرہ کار میں غیرمعمولی خدمات انجام دینے والے کو اس اعلیٰ ترین سول اور ملٹری میڈل لیجن آف آنر سے نوازا جاتا ہے۔ اس گستاخ کی آخری رسومات مشہور سوبورن یونیورسٹی میں ادا کی گئیں، جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ مقتول گستاخ کے تابوت کو باوردی اہل کار اٹھا کر لائے اور صدر عمانویل ماکروں اس کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔ اس موقع پر ماکروں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اسلام دشمنی پر ڈٹے رہنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ متنازع یا خاکوں کی اشاعت سے کسی طور پر دستبردار نہیں ہوا جائے گا۔ ماکروں نے کہا کہ پیٹی کو ہلاک کرنے کی وجہ یورپی ملک میں ان کا سیکولر اور جمہوری اقدار کو برقرار رکھنا تھا۔ صدر ماکروں نے سموئیل پیٹی کو فرانسیسی جمہوریہ کا چہرہ قرار دیا۔ یاد رہے کہ سموئیل پیٹی کو پیرس کے نواحی علاقے میں گزشتہ جمعہ کو ایک 18 سالہ چیچن مسلمان نے تیز دھار آلے سے ذبح کردیا تھا۔ ملعون پیٹی نے کلاس روم میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے متنازع خاکے دکھائے تھے۔ پولیس نے قاتل نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا تھا۔