لاہور: ڈاکوؤں اور ڈولفن فورس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، 22 سالہ لڑکی جاں بحق

667

لاہور میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ڈاکوؤں اور ڈولفن فورس کے درمیان فائرنگ سے 22 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی۔

واقعہ پنجاب یونیورسٹی کے قریب پیش آیا جہاں 3 ڈاکوؤں اور ڈولفن فورس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کی زد میں آکر 22 سالہ فاطمہ جاں بحق ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق فاطمہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ڈولفن فورس نے تینوں ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ڈاکوؤں نے سمن آباد ملت پارک میں وارداتیں کیں۔ ڈولفن اسکواڈ اور پولیس رسپانس یونٹ ان کا تعاقب کر رہے تھے۔ ڈاکوؤں نے پنجاب یونیورسٹی کے قریب پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 22 سالہ فاطمہ ڈاکوؤں فائرنگ سے جاں بحق ہوئی۔

فاطمہ کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ فاطمہ پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئی۔