حکومت ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کوفوری واپس لے،ذکراللہ مجاہد

124

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ تبدیلی سرکار عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کے بم برسا رہی ہے۔ نااہل حکومت ایک ماہ میں دو دفعہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب کی کمر توڑ دی ہے۔ غریب عوام کی مہنگی ادویات کی قوت خرید نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں شرح اموات میں اضافہ اور مریضوں کی مشکلات کئی گناہ بڑھ گئی ہیں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم میں مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری گورننگ باڈی ثریا عظیم اسپتال افتخار احمد چودھری ، ایم ایس ثریا عظیم اسپتال سید حسن علی سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں پہلے سے موجود نظام میں بہتری کے بجائے ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مزید خرابیاں پیدا کی جارہی ہے جو غریب مریضوں کیلیے مشکلات کا پہاڑ کھڑا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت نے اپنے اقدامات سے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے۔ ہر آنے والا دن عوام کے لیے نئی مشکلات لے کر طلوع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر کے عوام سے علاج معالجے کی رہی سہی سکت بھی ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ حکومت عوام کو فری علاج معالجہ دینے کے بجائے پہلے سے موجود سہولیات ختم کردینا عوام دشمنی کا ثبوت ہے۔ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے اور غریب مریضوں کی حالت زار پر رحم کیا جائے ۔