کھیلوں کو فروغ دے کرورکرز کی کارکردگی بڑھائی جاسکتی ہے،خواجہ مسعود احمد

168

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فارورڈ گروپ آف کمپنیز کے چیف ایگزیکٹو خواجہ مسعود احمد نے کہا ہے کہ صحت مند ذہن کے لیے صحت مند جسم کا ہونا انتہائی ضروری ہے اس مقصدکے لیے کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دے کرصنعتی ورکرز کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنایا جاسکتا ہے۔یہ بات انہوںنے ایمپلائرز فیٖڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی ) کے زیراہتمام فارورڈ گیئر فیکٹری سیالکوٹ میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اشتراک سے’’ صنعتوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کی آگاہی‘‘ سے متعلق سمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیمینار سے ای ایف پی کے نائب صدر ذکی اے خان،آئی ایل او کے نمائندے مزمل شیخ حبیب، ای ایف پی بورڈ کے ڈائریکٹر نذر علی، پی ڈبلیو ایف کے سعد اور ایڈوائزر ای ایف پی فصیح الکریم صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان ( ای ایف پی ) کے نائب صدر ذکی اے خان نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ آجروں کی جانب سے ورکرز کی کارکردگی میں نکھار لانے کے لیے صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کی کوششیں قابل ستائش ہیں لہٰذا انہوں نے اسی تناظر میںپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ( پی او اے ) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرے ۔