گورنر پنجاب سے امیرالبحر کی ملاقات، باہمی امور پر گفتگو

107

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی ملاقات، گور نر پنجاب نے نئے نیول چیف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ پاکستان نیوی بہترین پیشہ ورانہ بحری قوت کی حامل ہے، ملکی سمندری سرحدوں کی حفاظت کیلیے نیوی کی کارکردگی کی دنیا معترف ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے میدان میں بھی پاکستان نیوی کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ وطن عزیز کی سرحدوں، ساحلوں، میدانوں اور پہاڑوں کی حفاظت فوج کے جوان اپنے ایمان، قوت اور طاقت سے کر رہے ہیں۔