آذربائیجان نے مزید 13 دیہات آزاد کرالیے

212

باکو (انٹرنیشنل ڈیسک) آذربائیجان کی فوج نے مزید 13دیہات آرمینیا کے قبضے سے چھڑا لیے۔ آذری صدر الہام علییف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آرمینی فوج نے 18 اکتوبر کو ہونے والی جنگ بندی کی خلاف کرتے ہوئے آذربائیجان کے شہروں پر گولہ باری کی، جس سے کئی شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔ آذری فوج نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پیش قدمی کی اور آرمینیا کے زیر قبضہ کئی علاقے چھڑالیے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع جبرئیل سے منسلک سلطانلی، امیر وارلی، مناشلی، حسان لی، علی کیہانلی، کملاک، حاجی لی، نیاز گولار، میمدلی، شاہویلی، حاجی اسماعیلی اور اساقلی دیہات کو دشمن کے قبضے سے چھڑایا جاچکا ہے۔ دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم ہر شعبے میں آذربائیجان کی مدد کرنا جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں آذربائیجان کو یوم آزادی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے آذر ی ہم منصب کے ساتھ اپنی تصویر بھی جاری کی۔ اس سے قبل اپنے ایک اور بیان میں ترک صدر نے آرمینی حملوں پر مغربی ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک آرمینی حملوں کے خلاف آذربائیجان کا ساتھ نہیں دے رہے۔ امریکا، روس اور فرانس آرمینیا کو اسلحہ کی امداد فراہم کر رہے ہیں،جب کہ تُرکی اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد پر کمربستہ ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ بندی ہوئی تھی۔