جماعت اسلامی کی تحریک حکومت کے خاتمے ہی پر تھمے گی، لیاقت بلوچ

120

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے لاہور میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت مخالف تحریک حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہو گی ۔ آئین میں حکومت کی تبدیلی اور خاتمے کے تمام ذرائع موجود ہیں ۔ عمران خان حکومت نااہل ، ناکام اور عوام دشمن ہے ۔ جو حکمران غرور ، تکبر ، گھمنڈ کا شکار ہوں ، خوف خدا اور جوابدہی کا احساس ہی نہ ہو تو ملک بڑے بحرانوں سے دوچار ہوتے ہیں ۔ مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر ، پیداوار ی لاگت ناقابل برداشت ہو گئی ہے ۔ زراعت ، صنعت ، تجارت کا پہیہ جام اور افراتفری کا شکار ہے ۔ ریاستی ادارے اور سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ نااہل اور ناکام حکومتو ں کا زیادہ دیر سہارا نہیں بنتی۔ اس بحران کا حل جمہوری قوتیں خود نکال لیں وگرنہ تیسر ی قوت ہمیشہ کی طرح اپنا کھیل کھیلے گی ۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت کے ساتھ گلگت بلتستان کے مسئلے پر اجلاس میں فوج کے سربراہ نے سب کو واضح وارننگ دے دی تھی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحادوں اور متحدہ اپوزیشن میں کردار ادا کیالیکن اتحادوں کے پارٹنرکسی نہ کسی شکل میں پردے کے پیچھے ، محلاتی سازشوں کا حصہ بنتے رہے اور عوامی ارمانوں کا خون ہوا ۔جماعت اسلامی ظلم و جبراور عوام دشمن نظام کے خاتمے کے لیے مسلمہ ملک گیر اپوزیشن پارٹی ہے ۔نظام مصطفیٰؐ ،اسلامی معاشی نظام کے قیام اور مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی مفادات سے بالاتحریک چلائے گی ۔ عوام کو قائل کریں گے کہ آزمائے مہروں کو مسترد کریں ۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کی ملک گیر منظم ، بااعتماد اور امانت و دیانت کے پیکر کارکنان کی طاقت پر اعتماد کریں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ افواج پاکستان قومی ادارہ ہے ۔ افسروں ، جوانوں کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے قربانیاں قابل فخر ہیں ۔ تنازع اور اختلاف صرف یہ ہے کہ ریاستی ادارے قومی سیاسی انتخابی محاذ کو نہ سنبھالیں اور نہ ہی انتخابی نتائج کو کنٹرول کریں ۔ عوام کا آزادانہ ماحو ل میں اپنی قیادت کا حق تسلیم کیا جائے ۔ دنیا بھر کے جمہوری ملکوں میں یہ کشمکش جاری رہی ، بالآخر عوام کامیاب ہوئے ۔ حکمران ہمیشہ مخالفین کو غدار ، ملک دشمن قرار دیتے رہتے ہیں یہ کار بے کار ہے ۔ دریں اثنالیاقت بلو چ نے آتش زد گی سے متاثرہ حفیظ سینٹرکے دورے کے موقع پر تاجروں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے نقصان پر دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ انہوںنے کہاکہ حفیظ سینٹر میں آتشزدگی کا واقعہ بڑا المناک ہے ۔دنیا میں کسی بھی ناگہانی آفت اور آگ بجھانے کے لیے جدید مشینری اور سائنٹیفک آلات استعمال ہورہے ہیں جبکہ پاکستان میں برسوں پرانے روایتی طریقے ہی اپنائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا سے ملکی معیشت کا پہلے ہی بیڑا غرق ہوچکا ہے ،آتش زدگی سے تاجروں کا اربوں روپے کا نقصان ہوا،آتشزدگی سے تاجروں کی کمر ٹوٹ گئی ہے ، لہٰذا حکومت ، مالیاتی ادارے ، بینک تاجروں کے ساتھ مالی تعاون کریں اور ان کا بازو تھامیں تاکہ تاجر طبقہ اپنے پائوں پر دوبارہ کھڑا ہوسکے ۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، بشارت بلوچ ، محسن بشیر اور احمد سلمان بلوچ بھی موجود تھے۔