ملی مجلس شرعی کا جماعت اسلامی کی انسداد سود مہم کی حمایت کا اعلان

159

لاہور(نمائندہ جسارت) سربراہ اتحاد العلما پاکستان شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک کی زیر صدارت منصورہ میں ملی مجلس شرعی کے منعقدہ اجلاس نے جماعت اسلامی کی انسداد سود مہم کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ملک سے سود کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کا بھر پور ساتھ دینے کا عزم کیاہے ۔ اجلاس میں مولانا زاہد الراشدی ، ڈاکٹر محمد امین ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مولانا حافظ عبدالرحمن مدنی ، مولانا عبدالرئوف فاروقی ، ڈاکٹر حسن مدنی ، مولانا تقویم الحق ، مولانا یونس حسن اور قاری محمد عثمان نے شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکا نے کہاکہ ملی مجلس شرعی تحریک انسدادسود مہم میں مؤثر کردار ادا کرے گی ۔ سود اللہ اور اس کے رسول ؐ کے ساتھ جنگ ہے جب تک یہ جنگ ختم نہیں ہوتی اور اللہ کا عطا کردہ زکوٰۃ و عشر کا پاکیزہ معاشی نظام نافذ نہیں ہوتا ملکی معیشت ترقی کرسکتی ہے نہ ملک معاشی لحاظ سے آگے بڑھ سکتاہے ۔ مولاناعبدالمالک نے کہاکہ حکومت اللہ سے بغاوت کے راستے پر چلنے سے توبہ کرلے تو ملک ترقی و خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو جائے گا ۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز ؒ اور مولانا عادل خان شہید کے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔