ختم نبوت اور ناموس رسالتؐ کا ہرقیمت پر تحفظ کرینگے، مقررین

165

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع لاہور کے مبلغ مولانا عبدالنعیم، مولانا علیم الدین شاکر، پیررضوان نفیس، مولانا جمیل الرحمن اختر، مولانا حافظ محمد اشرف گجر، مولانا خالد محمود، مولانا وسیم اللہ سمیت دیگر علماء کرام نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا ہرقیمت پر تحفظ کریں گے، عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ کرنے والے حضورؐ کی ذات اقدس کے چوکیدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے 22، 23 اکتوبر کو 39 ویں سالانہ تاریخی تحفظ ختم نبوت کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ آل پاکستان ختم نبوت کانفرنس اسلام دشمن قوتوں کیخلاف اتحاد و اتفاق کا پیغام ہوگی، بھرپور تیاری کی جائے، کانفرنس کو کامیاب بنانا تمام مسلمانوں کی ذمے داری ہے۔ دوسری جانب سالانہ ختم نبوت کانفرنس کے لیے ملسم کالونی چناب نگر کی منتظمہ کے وفود اور کارکنان ختم نبوت کی مرکز ختم نبوت مسلم کالونی آمد شروع ہوگئی ہے اور متعدد علما کی جانب سے اپنی کمیٹیوں سے مشاورتی اجلاسوں کا سلسلہ جاری ہے۔