جماعتِ اسلامی کا حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان

956

لاہور: جماعتِ اسلامی پاکستان نے بھی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

امیر جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں لوگ آٹے اور چینی کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ نااہل حکمرانوں نے ملک کے 22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

سراج الحق نے بتایا کہ جماعتِ اسلامی یکم نومبر سے حکومت کے خلاف تحریک چلائے گی۔ یہ تحریک مہنگائی، بےروزگاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف ہوگی۔

سینیٹر سراج الحق نے بتایا کہ تحریک کا آغاز خیبر پختونخوا سے کریں گے جب کہ 23 اکتوبر کو مرکزی اجلاس میں تحریک کا مکمل شیڈول دیا جائے گا۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ نئے اور پرانے حکمرانوں کے درمیان لڑائی مفاد عامہ کے لیے نہیں بلکہ اپنی باری کے لیے ہے۔ حکمرانوں کے رویے نے جمہوریت کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہر تقریر کو اپنی آخری تقریر سمجھ کر کرتے ہیں۔ حکومت میں اہلیت ہوتی تو وہ عوام کی مشکلات کم کرتی۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے میانوالی سمیت پورے ملک کے عوام مایوس ہیں۔ مہنگائی، بےروزگاری اور بے امنی عروج پر ہے۔ لوگ آٹے اور چینی کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔