ایمنسٹی ا سکیم میں چھ ماہ کی توسیع کی جائے، میاں زاہد

176

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )آل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہائوسنگ مارکیٹ کے ترقی کے لیے پر عزم ہیں جس سے معیشت کی سست روی ختم ہو جائے گی۔ ان کی کوششوں سے ملک میں گھروں کی قلت ختم، پلاٹوں کی قیمتوں میں اعتدال اور بے روزگاری میں کمی آئے گی جبکہ پچاس سے زیادہ صنعتیں ترقی کریں گی۔ میاں زاہد حسین نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو سستے گھر فراہم کرنے میں سنجیدہ ہیں تاہم کنسٹرکشن پیکج کے بعد سے متعدد مسائل اس سلسلہ میں رکاوٹ بنے ہوئے تھے جبکہ بینک بھی اس سلسلہ میں تعاون پر آمادہ نہیں تھے مگر اب صورتحال بدل رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر آ چکے ہیں۔مرکزی بینک نے دیگر بینکوں کو اس سلسلہ میں قرضے جاری کرنے کا پابند کر دیا ہے۔ وزیر اعظم اپنے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ایمنسٹی ا سکیم میں چھ ماہ کی توسیع کریں۔موجودہ اسکیم میں گھروں فلیٹس اور دکانوں وغیرہ کے پہلے خریدار کو ایمنسٹی دی گئی ہے جو خوش آئند ہے تاہم دوسرے خریدار کو ایمنسٹی نہیں دی گئی ہے جس کے بغیر یہ ا سکیم ادھوری رہے گی۔اگر پہلے کے بعد دوسرے اور تیسرے خریدار کو بھی ایمنسٹی دی جائے تو اربوں روپے کا چھپا ہوا سرمایہ باہر آ کر معیشت میں شامل ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس شعبہ کو ترقی دینے کے لیے ہائوسنگ فنانس کے کمزور نظام کو بہتر بنانا ضروری ہے جبکہ متعلقہ قوانین، لینڈ ریکارڈ، فعال ریگولیٹر کے قیام، بلڈرز اینڈ ڈویلپرزکے شعبہ سے کالی بھیڑوں کے خاتمہ، پٹواری مافیا کو لگام ڈالنے اور قبضہ گروپوں کے خلاف فوری کارروائی کر کے عوام کو ریلیف دینے کو یقینی بنانا ہو گا۔ دیار غیر میں مقیم پاکستانی اپنے خون پسینے کی کمائی سے گھر بنانے کے لیے پلاٹ لینے کے لیے پیسہ بھجواتے ہیں مگر ان میں سے بہت سے مافیا کے ہاتھوں لٹ جاتے ہیں۔ اگر اس سلسلہ کو روکا جائے اور دیار غیر میں مقیم پاکستانی بھائیوں کا اعتماد بحال کر دیا جائے تو ترسیلات میں ایسا اضافہ ممکن ہے جو دنیا کو حیران کر دے۔میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کی تجاویز پر مکمل غور کیا جائے اور ان کی مشاورت سے وزیر اعظم کے پیکج کو مزید بہتر بنایا جائے۔