ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 11 رنز سے ہرادیا

176

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دفاعی چیمپئن ناردرن نے اپنے آخری لیگ میچ میں خیبرپختونخوا کو 11 رنز سے ہرادیا۔ فاسٹ بولر حارث رؤف اور کپتان عمادوسیم کی عمدہ بولنگ کی بدولت خیبرپختونخوا 145 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو وہاب ریاض کی نپی تلی بولنگ کے سامنے دفاعی چیمپئن کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر فلاپ ہوگئی۔ وہاب ریاض نے 21 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔ کپتان عماد وسیم 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔جواب میں اوپنر محمد حارث کے ناقابل شکست 79 رنز کے باوجود خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ بیس اورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز ہی بناسکی۔ فخر زمان کے 11 اور افتخار احمد کے 10 رنز کے علاوہ کے پی کا کوئی بھی بلے باز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ حارث رؤف نے 28 رنز دے کر 3 جبکہ عماد وسیم نے 25 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔فاسٹ بولر حارث رؤف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام قومی ٹی 20 کپ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلے جائیں گے۔