چین کوچاول برآمدات متاثر ہونے کا خدشہ

247

کراچی( اسٹاف رپورٹر)شپنگ کمپنیوںنے چین کیلئے بر آمدی کنٹینرز کے کرایوں میں 200 ڈالرز کا اضافہ کردیا ہے جس کے نتیجے میںپاکستان سے چین کو کی جانے والی بر آمدات میں کمی کا خدشہ ہے ۔بر آمد کنندگان کے مطابق شپنگ کمپنیوں نے چین کے لئے بحری جہاز کے کرایوں میں 400 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا ہے اور چین کیلئے برآمدی کنٹینر کا کرایہ 50 ڈالر سے بڑھا کر 250 ڈالر تک کر دیا گیاہے،بر آمد کنندگان کے مطابق پاکستانی برآمدکنندگان بحری جہاز کے نئے کرائے دینے سے قاصر ہیں اورکرایوں میں اضافے کے بعد چین سے کئے گئے برآمدی معاہدے پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے، چین کوچاول سمیت دیگر کئی برآمدات کے متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے،پاکستانی برآمدکنندگان نے 50 ڈالر فی کنٹینر کے حساب سے برآمدی معاہدے کئے تھے،اس وقت چین کے لئے مال برآمد کرنا مشکل ہو گیاہے اور معاہدے منسوخ کرنا پڑ سکتے ہیں جس سے پاکستانی برآمدکنندگان کو زبردست نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا،بر آمد کنندگان نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فوری ایکشن لے اور وزارت تجارت بحری جہاز کے کرائے کم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔