یو بی جی فیڈریشن الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گا،ایس ایم منیر

131

کراچی( اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ یو بی جی ایف پی سی سی آئی کے آئندہ الیکشن میں ایک بار پھر بھرپور اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا،ہم2021کیلئے اپنے گروپ سے بزنس کمیونٹی کی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدواروں کو نامزد کریں گے اوران امیدوروں کے حق میں فیڈریشن الیکشن کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے جس کی مکمل تیاریاں کرلی گئی ہیں۔انہوں نے یہ بات کینیڈا سے پاکستان وپسی کے وقت کینیڈا میں یو بی جی کے چیئرمین نوید بخاری سے گفتگو کے دوران کہی۔ایس ایم منیر نے پاکستان روانگی سے قبل ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عبدالحمید سے بھی ملاقات کی اس موقع پر نوید بخاری،صدر کراچی جیمخانہ فواد ملک اور انکی اہلیہ بھی موجودتھے۔ایس ایم منیر نے پاکستانی قونصل جنرل عبدالحمید کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور پاکستان وکینیڈا کے مابین دوطرفہ تجارت کے فروغ پر زور دیا۔علاوہ ازیں نوید بخاری سے گفتگو میں ایس ایم منیر نے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ سال 2021 کیلئے صدارت اوردیگر عہدوں کیلئے بہترین امیدواروں کا گلدستہ دینگے جو کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔ایس ایم منیر نے کہا کہ یو بی جی کی مرکزی کورکمیٹی کا اجلاس 24اکتوبر کو لاہور میں ہورہا ہے جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے،اجلاس میں فیڈریشن الیکشن کے سلسلے میں پاکستان بھر کے دورے کے حوالے سے مختلف کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی جدید خطوط پر فیڈریشن الیکشن کیلئے انتخابی مہم چلائے گا، فیڈریشن الیکشن میں سینئرنائب صدر اور نائب صدور کیلئے یو بی جی کے امیداروں کے ناموں کا اعلان آئندہ چند روز میں کردیا جائے گا۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم نے اپنے چیئرمین افتخار علی ملک کی قیادت میںملک بھر کی کاروباری برادری کے مسائل حل کرانے کا عزم کررکھا ہے، مجھے اورافتخار علی ملک کواس بات پر فخر ہے کہ ہم نے مسلسل پانچ سال ایف پی سی سی آئی کو بہترین ٹیم دی اور ہم سال2021کے الیکشن کیلئے بھی مضبوط ٹیم دیں گے۔ایس ایم منیر نے کہاہے کہ بزنس کمیونٹی موجودہ حکومت کی مکمل کامیابی چاہتی ہے اوروزیراعظم عمران خان ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور جدوجہد بھی کررہے ہیں لیکن ملکی اقتصادی فیصلے بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے کئے جائیں تاکہ ملکی معیشت مضبوط ہو ا،حکومت کو چاہیئے کہ وہ بزنس کمیونٹی کے نمائندوں سے مشاورت جاری رکھے اور مہنگائی کی روک تھام کیلئے انقلابی اقدامات کرے اورمنافع خور مافیا پر اپنی گرفت مضبوط کرے۔