جلسے کا اعلان ہوتے ہی حکومت پولیس گردی پر اتر آئی ، ن لیگ

114

 

لاہور،گوجرانوالہ (نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) جلسے کا اعلان ہوتے ہی حکومت پولیس گردی پر اتر آئی۔ن لیگ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں ہر صورت جلسہ منعقد ہونے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت کے کنٹینر اور پولیس گردی پاکستان مسلم لیگ ن کے جلسے کو نہیں روک سکتی۔ حکمران جلسے کو روکنے کے لیے جو مرضی کرلیں جلسہ ہر صورت منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور جلسہ روکنے کے سلسلے میں حکومتی اقدامات اسی بوکھلاہٹ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا بیانیہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کی تحریک حکومت کی کنٹینر پالیسی نہیں روک سکتی پاکستان مسلم لیگ کے متوالے اور عوام آٹا چور اور چینی چوروں کی جانب سے لگائے جانے والے کنٹینروں کو پار کر کے جلسہ گاہ پہنچیں گے ۔ا نہوں
نے کہا کہ کرائے کے ترجمان جتنا چاہیں ماتم کریں اب عمران صاحب گھر جانے کی تیار ی کریں ۔علاوہ ازیںمسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 3 ماہ ڈی چوک پر جلسہ کیا اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا لیکن اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کا اعلان ہونے کے ساتھ ہی حکومت پولیس گردی پر اتر آئی ہے۔گوجرانولا میں پی ڈی ایم کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اب حکومت یہ جلسہ روک نہیں سکتی کیونکہ 16 اکتوبر کو پاکستان کے عوام مہنگائی کے خلاف عوامی ریفرنڈم میں شرکت سے ثابت کریں گے کہ وہ حکومت کی ناکامی سے تنگ آچکے ہیں۔ جس دن سے اے پی سی میں پی ڈی ایم کے قیام کا اعلان ہوا تب سے حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔اس موقع پر رہنما مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم کے جنرل سیکرٹری شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے 3 اکتوبر کو انتظامیہ کو درخواست دی گئی تھی کہ جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں لیکن اب تک درخواست پر کوئی جواب نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا کہ پہلا جلسہ 16 تاریخ کو جی ڈی روڈ گوجرانولا شہر میں ہوگا اور میں آج پنجاب کے چیف سیکرٹری جواد رفیق، محکمہ داخلہ کے سیکرٹری مومن آغا، کمشنر گوجرانولا سمیت دیگر سے گزارش کروں گا کہ آپ وزیراعظم عمران خان کے ملازم نہیں ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ آپ حکومت پاکستان کے ملازم ہیں، اگر آپ عوام کا آئینی حق چھینیں گے تو کل آپ کو انتظامی معاملات کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا تاریخی جلسہ ہوگا، پولیس ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، موجودہ حکومت کی تشکیل کردہ مشکلات کا چھٹکارے کا عمل گوجرانوالہ سے ہوگا۔پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لیگی کارکنان کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پیشنگوئی کی کہ پہلے آٹے کی قلت تھی اب گھی کی کمی کا سامنا ہو گا۔