مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے مزید 2کشمیریوں کو شہید کردیا

182

سری نگر(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع شوپیاں میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے چکورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ نوجوانوں کی شہادت کے بعد زبردست مظاہرے کیے گئے۔ فورسزنے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعما ل کیاجس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔دوسری جانب سرینگر کے علاقے بادامی باغ اور گاندر بل کے علاقے کنگن میں بھارتی فوج کی ایک گاڑیوں نے 2کشمیریوں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا،واقعات کیخلاف شدید احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔ ادھرسابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے منگل کے روز اپنی رہائی کے بعد ٹوئٹر پر جاری پہلے آڈیو بیان میں کہا ہے میںآج ایک سال سے بھی زیادہ عرصے کے بعد رہا ہوئی ہوں، اس دوران 5 اگست 2019 ء کے کالے دن کا کالا فیصلہ ہر پل میرے دل اور روح پر وار کرتا رہا، اور مجھے احساس ہے کہ یہی کیفیت جموں کشمیر کے تمام لوگوں کی رہی ہوگی، ہم میں سے کوئی بھی شخص اس دن کی ڈاکا زنی اور بے عزتی کو قطعاً نہیں بھول سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم سب کو اس بات کا اعادہ کرنا ہوگا کہ جو دہلی دربار نے 5 اگست کو غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر قانونی طریقے سے ہم سے چھین لیا، اسے واپس لینا ہوگا، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر، جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں نے جانیں نچھاور کیں اسے حل کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہو گی، جانتی ہوں یہ راستہ آسان نہیں لیکن ہم سب کا عزم اور حوصلہ یہ دشوار راستہ طے کرنے میں ہمارا معاون ہوگا۔