شمالی کوریا کی فوجی پریڈ ، جدید ترین اسلحہ کی نما یش

434
شمالی کوریا: حکمراں ورکرز پارٹی کے قیام کو 75 برس مکمل ہونے پر منعقد کی گئی فوجی پریڈ میں بھاری اسلحہ کی نمایش کے ساتھ دنیا کے سب سے بڑے بین البراعظمی میزائل کی رونمائی کی جارہی ہے‘ رہنما کم جونگ اُن تقریب سے خطاب کررہے ہیں

 

پیانگ یانگ ؍ اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) شمالی کوریا میں ایک بڑی عسکری پریڈ کا انعقاد کیا گیا ہے، جس میں جدید ترین ہتھیار اور جنگی ساز و سامان کی نمایش کی گئی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ہفتے کی صبح ہونے والی پریڈ حکمران ورکرز پارٹی کے قیام 75 برس مکمل ہونے کے سلسلے میں جاری تقریبات کا حصہ ہے۔ اس موقع پر شمالی کوریا نے دنیا کا سب سے بڑا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سامنے لانے کا دعویٰ کیا ہے۔ تقریب سے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے طویل تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پیانگ یانگ اپنی فوج کو دفاعی مقاصد کے لیے مضبوط کرتا رہے گا کیوں کہ اگر آپ کے پاس طاقت نہیں ہے تو پھر آپ کو اپنے آنسو اور خون صاف کرنا پڑے گا۔ دوسری جانب جنوبی کوریا کی حکومت کا کہنا ہے کہ امریکی اور جنوبی کوریائی انٹیلی جنس ہتھیاروں کی اس نمایش پر گہری نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب کینیڈا کی فوج نے اپنا ایک جہاز بحیرہ مشرقی چین روانہ کیا ہے تاکہ شمالی کوریا کی ان سرگرمیوں کی شناخت کی جائے جو اقوام متحدہ کی عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی ہو سکتی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق کینیڈا کی حکومت نے رواں ہفتے اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک فوجی فریگیٹ اور جہاز پر تعینات کیا جانے والا ہیلی کاپٹر مذکورہ علاقے کے لیے روانہ کیا ہے، جو اوکیناوا میں قائم امریکی فضائی اڈے کے مشن میں نومبر سے شامل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک رپورٹ میں نشاندہی کی تھی کہ شمالی کوریا نے کئی بار پابندیوں کی خلاف ورزی کی ہے۔