معروف جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کے بھائی کو قتل کردیا گیا

444

کیپ ٹائون: جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ باؤلر ورنن فلینڈر کے بھائی کو اس کے اہل خانہ کے گھر سے کچھ فاصلے پر گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 35 سالہ ریٹائرڈ کرکٹر کا 32 سالہ چھوٹا بھائی ٹائرون فلینڈر ایک پڑوسی کو پانی فراہم کررہا تھا کہ اسے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، اہل علاقہ کے ایک فرد کے مطابق وہ صحن میں تھے، انہوں نے گولیوں کی آواز سنی اور باہر آکر دیکھا تو ایک شخص کی لاش پڑی تھی۔ فلینڈر کی والدہ بونیٹا اور خاندان کے ایک فرد نے سڑک پر بیٹے کی لاش دیکھی، مبینہ طور پر قاتل ابھی تک فرار ہے۔ اسی سال کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والے فلینڈر نے عوام کے پیغامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

باصلاحیت سوئنگ باؤلر فلینڈر نے اپنے ملک کے لئے 64 ٹیسٹ کھیلے جس میں 22.32 کی اوسط سے 224 وکٹیں لیں ،وہ پروٹیز کی ٹیسٹ وکٹوں’کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 30 ون ڈے میچز میں 24.04 کی اوسط سے 41 اور 7 ٹی ٹونٹی میچز میں 4 وکٹیں بھی حاصل کیں۔