اسرائیل نواز حکمران امت کے جذبات واحساسات کو ملحوظ رکھیں

217

لاہور (نمائندہ جسارت) مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی امیر سید عطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ ہم اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کے نفاذ کی پُرامن جدوجہد نامساعد حالات کے باوجود بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نواز حکمران اسرائیل سے تعلقات کے بارے میں امت مسلمہ کے جذبات واحساسات کو ملحوظ رکھیں۔ عالمی سامراج نے پاکستان میں چہرے بدل دیے ہیں لیکن اپنا ایجنڈا تبدیل نہیں کیا۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا ہے کہ جس طرح اکابر احرار نے مسلسل محنت کر کے انگریز سامراج کو یہاں سے نکالا تھا، اسی جدوجہد کو لے کر ہم آگے بڑھ رہے ہیں، مرتے دم تک غلامی کو قبول نہیں کریں گے اور سامراجی ایجنڈے کو وطن عزیز میں بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 11،12 ربیع الاول کو چناب نگر میں ہونے والی ختم نبوتﷺ کانفرنس کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں عبداللطیف خالد چیمہ آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے اور اپنی جماعت کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے علاوہ کل جماعتی مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہؓ واہل بیت پاکستان کے زیر اہتمام 18 اکتوبر کو ناصر باغ لاہور میں ہونے والی عظمت صحابہؓ واہلبیت کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے مجلس عمل کے رہنماؤں سے ملاقات ومشاورت کریں گے۔