بیروت دھماکا: کئی طلبا کے تعلیم سے محروم ہونے کا خدشہ، اہم رپورٹ جاری

526

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دھماکے کے بعد تعلیمی صورتِ حال پر عالمی ریسکیو کمیٹی نے اہم رپورٹ جاری کردی۔

بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی کی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ دارالحکومت بیروت کی بندر گاہ پر دھماکے سے 163 قریبی اسکول بُری طرح متاثر ہوچکے ہیں جنہیں دوبارہ تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔

آئی آر سی کی رپورٹ کے مطابق اسکولوں کے متاثر ہونے سے ہر چار میں سے 1 طالب علم تعلیم سے محروم ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے سے متاثر ہونے والے اسکولوں میں رجسٹرڈ طلبا کی تعداد 85 ہزار سے زائد ہے۔ متاثرہ اسکولوں کی دوبارہ تعمیرِ نو میں ایک برس کا عرصہ لگا سکتا ہے۔

آئی آر سی کی رپورٹ کے مطابق جائے حادثہ پر ملبے کے پڑے رہنے سے اسکولوں کی دوبارہ تعمیر سست روی کا شکار ہے۔ بچوں کو متبادل اسکول بھیجنے کے حوالے سے والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔

والدین متبادل اسکول بھیجنے کے لیے اضافی اخراجات اور محفوظ آمد و رفت کے حوالے سے فکر مند ہیں۔ جب کہ کئی طالب علم اپنے پیاروں کی کھوج لگانے کے لیے امدادی ٹیموں کے ساتھ ہاتھ بٹا رہے ہیں۔

بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس منظر نامے کو دیکھ کر خدشہ ظاہر کیا جاسکتا ہے کہ ہر چار میں سے ایک طالب علم تعلیم سے محروم یا خود کنارہ کشی اختیار کرسکتا ہے۔