یہود کی عید پر مغربی کنارہ فوجی چھائونی میں تبدیل

423
مقبوضہ بیت المقدس: یہود کے مذہبی تہوار کے موقع پر قابض صہیونی فوج نے تمام سڑکوں، شاہراہوں اور گلیوں کو بند کرکے شہر کو چھاؤنی میں تبدیل کررکھا ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) یہود کے مقدس دن ’’یوم غفران‘‘ کے موقع پر قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس اور الخلیل سمیت مغربی کنارے کے کئی شہروں کو مکمل بند کرکے فوجی چھاؤنی میں تبدیل کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق پیر کے روز یہود نے اپنی عید منائی۔ اس موقع پر مقبوضہ بیت المقدس کی تمام شاہراہیں، سڑکیں، گلیاں اور مسجد اقصیٰ جانے والے تمام راستوں کو بند کردیا گیا۔ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی گئی، جب کہ پیدل چلنے والوں کو بھی مختلف مقامات پر روک کر آگے نہیں بڑھنے دیا گیا۔ دوسری جانب قابض صہیونی فوج نے الخلیل میں مسجد ابراہیمی کو مسلمانوں کے لیے بند کر دیا اور قدیم شہر اور اس کے آس پاس یہود کی تقریبات کے لیے علاقے کو محفوظ بنانے کا بہانہ بنا کر فوجی اقدامات مزید تیز کردیے۔ مسجد ابراہیمی کے امور کے سربراہ شیخ حفدی ابو سنینہ نے بتایا کہ قدیم شہر میں بڑی تعداد میں صہیونی فوجیوں کو تعینات کیا گیا اور مقامی شہریوں کی نقل و حرکت کو محدود کر دیا گیا۔ شیخ ابو سنیہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کی شام ابراہیمی مسجد کو پوری طرح سے مسلمانوں کے لیے بند کر دیا اور پیر کی رات 10 بج کر 10 منٹ پر اس بندش کو ختم کیا۔ اس دوران یہودی آباد کاروں نے مسجد ابراہیمی کے صحن میں خیمے لگا کر اپنی رسومات ادا کیں۔ شیخ ابوسنینہ نے اسرائیلی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناانصافی کی ایک انتہائی سنگین کارروائی قرار دیا۔